شریف، شیروف معاہدہ طشت از بام
Posted by Shariq Mustaquim on Wed 22-Aug-2007 10:56 PM (+0500 GMT)
حکومت نے سابق وزیراعظم میاں انتہائی شریف اور ان کے خاندان کی وطن واپسی سے متعلق آئینی درخواست پر جواب عدالت میں جمع کروا دیا ہے۔ اس میں میاں انتہائی کی بیرون ملک روانگی کے وقت ہونے والے معاہدے کی نقل بھی شامل کی گئی ہے۔ معاہدے پر میاں شریف اور صدر شیروف کے دستخط واضح نظر آ رہے ہیں جس کے بعد میاں صاحب کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہوتا نظر آتا ہے کہ ان کا حکومت سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا۔
ماخذ تبصرے ہوئے: 8 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
جاپانی وزیر دفاع اسلام آباد میں
Posted by Shariq Mustaquim on Wed 22-Aug-2007 10:56 PM (+0500 GMT)
ان دنوں خاتون جاپانی وزیر دفاع یوریکو کوئیکے پاکستان کے دورے پر ہیں تاہم ہمارے وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران ملک کا دفاع تو بعد میں انہیں اپنا دفاع مشکل پڑ گیا۔ وزیر اعظم بُہت عزیز جو خواتین سے طویل مصافحوں کے لیے مشہور ہیں، نے روایتی انداز میں فوٹوگرافروں کے لیے خاتون کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں تھام لیا۔ عموماً یہ فوٹو سیشن دو ایک منٹ کا ہوتا ہے تاہم جب کیمرہ فلیشز تھمنے کے بعد خاتون نے اپنا ہاتھ الگ کرنا چاہا تو وہ اس میں ناکام ہوگئیں۔ انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے ان کا ہاتھ کسی آہنی شکنجے میں جکڑ دیا گیا ہو۔ اس موقع پر یوریکو صاحبہ نے اپنا ہاتھ بُہت کے چنگل سے چھڑانے کے لیے زور لگانا شروع کر دیا۔ وہ بار بار نی ہاؤ ،نی ہاؤ کہنے لگیں (جاپانی میں شکریہ) مگر وزیر اعظم جواب میں یہی رٹتے رہے کہ ہاں ہاں میں نہا کر آیا ہوں۔ اس موقع پر سینیٹ اراکین اور ممبر قومی اسمبلی بھی متفکر نظر آئے۔ دوست ملک کی وزیر کو بچانا بھی ضروری تھا اور اپنے وزیر اعظم کی ناراضگی مول لینا بھی انتہائی خطرناک۔
ماخذ تبصرے ہوئے: 5 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
نوخیز اختر کا جرمانہ معطل
Posted by Shariq Mustaquim on Wed 22-Aug-2007 10:56 PM (+0500 GMT)
پاکستان کرکٹ بورڈ کی دو رکنی ایپلٹ بنچ نے تیز (مزاج) باؤلر نوخیز اختر پر کیا گیا 3 لاکھ روپے کا جرمانہ فی الحال معطل کر دیا ہے اور کہا ہے کہ نوخیز کو صفائی پیش کرنے کے لیے مزید موقع دیا جائے۔ اس سے قبل نوخیز پر کرکٹ کیمپ سے بغیر بتائے فراری اختیار کرنے پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق ایپلٹ کمیٹی کے سامنے نوخیز انتہائی چست بوشرٹ میں حاضر ہوئے جس سے ان کی بازو کی مچھلیاں، مسلز اور کمر میں اڑسا ہوا ریوالور واضح نظر آ رہا تھا۔ جواباً ایپلٹ بنچ کے فاضل اراکین نے جلد ہی کیس نپٹا کر گھر کی راہ لی۔
ماخذ تبصرے ہوئے: 1 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
بوریت اسپیشل: شیخ رائے شید نے پیغام بھجوا دیا
Posted by Shariq Mustaquim on Tue 21-Aug-2007 11:50 PM (+0500 GMT)
طویل عرصے تک قیدِ حیات و بندِ غم کی صعوبتیں جھیل لینے کے باوجود کنوارے رہنے والے وزیر ریلوے شیخ رائے شید احمد نے امریکی وزیر خارجہ کانڈو لیزا رائس کو رشتہ بھجوا دیا ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کو کوریئر سے ارسال کیے جانے والے اس لفافے میں Jimmy's سے کھنچوائی گئی شیخ صاحب کی تازہ تصویر، بائیو ڈاٹا، اسناد و اعزازات کی نقل اور جیل میں لکھے گئے روزنامچوں کی کاپی بھی منسلک کی گئی ہے۔ شیخ رائے شید نے خط میں لیزا کو لکھا کہ پہلی بار کسی کو پیغام دے رہا ہوں، رد کرنا غلطی ہوگی۔ روزنامہ بوریت کراچی نے جب شیخ صاحب سے رابطہ کر کے خطرناک فیصلے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی تو شیخ صاحب نے بتایا کہ امریکی خارجہ پالیسی کو لگام دینے کا یہی ایک طریقہ سمجھ میں آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لیزا سے شادی کے بعد خاتون کو سخت پردے میں حجرے تک محدود کر دینے کا ارادہ ہے جس سے امید ہے کہ دنیا کے بہت سے مسائل پیدا ہونے سے پہلے ہی ختم ہو جائیں گے۔
تبصرے ہوئے: 7 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
فضل صاحب اچھے لگتے ہیں: وجاہت
Posted by Shariq Mustaquim on Tue 21-Aug-2007 11:50 PM (+0500 GMT)
قے لیگ کے چیف چودھری وجاہت نے روایتی طور پر منمناتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نہ صرف اپوزیشن رہنما چوہدری فضل الرحمان کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہیں، بلکہ ان کے پیچھے چلنے کو بھی تیار ہیں۔ وہ یہ تاریخی جملے فضل صاحب کے ساتھ ملاقات کے بعد کہہ رہے تھے۔ انہوں نے سیاست کے خاردار رستے کو استعارتاً استعمال میں لاتے ہوئے کہا کہ جب فضل صاحب آگے آگے چل رہے ہوں تو سامنے روڈ پر مزید کچھ نظر نہیں آتا اس لیے بہتر ہے کہ ان کے پیچھے رہا جائے تاکہ کوئی ٹرک وغیرہ پہلے انہیں ہِٹ کرے۔
ماخذ تبصرے ہوئے: 7 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
قرۃ العین حیدر انتقال کرگئیں
Posted by Shariq Mustaquim on Tue 21-Aug-2007 11:50 PM (+0500 GMT)
معروف ناو ل نگار قرۃ العین حیدر انتقال کرگئیں، انا للہ وانا الیہ راجعون۔  ان کی عمر 80 برس تھی۔ان کی مشہور تصانیف میں آگ کا دریا سمیت متعدد مشہور ناول شامل ہیں۔ قرۃ العین حیدر کو ان کی خدمات پر پدما شری اور ساہتیا اکیڈمی ایوارڈ سمیت متعدد اعزازات سے نوازا گیا تھا۔
ماخذ تبصرے ہوئے: 1 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
بوریت اسپیشل: وکلاء نے صدر کی حمایت کا اعلان کر دیا
Posted by Shariq Mustaquim on Mon 20-Aug-2007 11:46 PM (+0500 GMT)
ملک میں تیزی سے بدلتے ہوئے حالات نے اس وقت ایک نیا رخ دھارا جب کراچی تا خیبر تمام چھوٹی بڑی قابلِ ذکر وکلاء تنظیموں نے صدر جنرل نوریز شیروف کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کر دیا۔ ابھی چند روز قبل تک ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ملک میں عدلیہ آزاد ہوگئی ہے اور صدر کا آٹھ سالہ اقتدار اب خطرے میں ہے تاہم صدر مشکل مواقعوں سے خود کو چابکدستی سے نکال لے جانے کے لیے مشہور ہیں اور انہوں نے الیکشن سے چند ماہ قبل اپنے پتے بڑی مہارت سے کھیلے۔ وہ گرینڈ وکلاء کنونشن کے ایک احتجاجی جلسے میں اچانک جا پُہنچے۔ یہ جلسہ وکلاء کی نئی تحریک "گو مشرف گو" کا نقطۂ آغاز تھا۔ صدر اہم وکیل مُنیرا ملک سے اجازت لیتے ہوئے اچانک اسٹیج پر جا پہنچے۔ انہوں نے مائیک پر وکلاء کی تنخواہوں میں سو فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے وکلاء کو فوجیوں کی طرز پر پلاٹ اور مکانات، بچوں کی مفت اسکولنگ، فوج میں کمیشن اور تاحیات مفت میڈیکل سروسز فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے وکلاء کو فوجی ملازموں کی کٹیگری میں شامل کر دیا۔ وہ وکلاء ریفارم کا صدارتی آرڈی نینس کھول کر بیٹھ گئے جس میں یہ سب گذارشات موجود تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس پر پہلے ہی دستخط کر چکے ہیں اس لیے کسی کو اس کی صداقت میں شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ اس موقع پر وکلاء کا "گو مشرف گو" اچانک "جیو مشرف جیو" میں تبدیل ہوگیا۔ صدر نے کہا کہ یہ صرف آغاز ہے۔ وکلاء ہمارے ساتھ رہیں تو مراعات کے انبار لگا دیں گے۔
تبصرے ہوئے: 7 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
"قرض کی پیتے تھے مے، لیکن ۔ ۔ ۔ "
Posted by Shariq Mustaquim on Mon 20-Aug-2007 11:48 PM (+0500 GMT)
پاکستان مسلم لیگ (نواز گروہ) کے سیکرٹری مواصلات نے انکشاف کیا ہے کہ مشرف اینڈ کمپنی قرضہ مانگنے میں ماضی کی کسی بھی حکومت سے آگے بڑھ گئی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ہمارے قابل وزیر اعظم بُہت عزیز نے بتایا تھا کہ کشکول توڑ دیا گیا ہے اور عالمی مالیاتی ادارے (ا‌م‌ف) سے چھٹکارا حاصل کر لیا ہے، لیکن اب اندازہ ہو رہا ہے کہ شاید بُہت اپنے دعوے میں کُلّی طور پر درست نہ تھے اور اپنے فارغ وقت میں انہوں نے کشکول کی پیوندکاری کر لی ہے۔ احسن اقبال کے مطابق موجودہ حکومت نے پچھلے چار سالوں میں 15 بلین ڈالر (900 ارب روپے) کی رقم قرض کی صورت میں حاصل کی ہے۔
ماخذ تبصرے ہوئے: 5 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
پی این ایس سی بلڈنگ میں آتش زدگی
Posted by Shariq Mustaquim on Mon 20-Aug-2007 11:49 PM (+0500 GMT)
پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن بلڈنگ میں اتوار کے روز ایک مرتبہ پھر آگ بھڑک اٹھی۔ آگ چوتھی منزل پر سوا دو بجے لگی۔ آگ بجھانے کی کوششوں میں تین فائرمین زخمی ہوگئے۔ عمارت کے منتظم وجے کمار سانحے سے شاک زدہ رہ گئے اور دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے۔ چھ ماہ میں اتوار کے روز آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ پورٹ و شپنگ کے وفاقی وزیر صابر لاہوری نے ایک بیان میں فرمایا کہ اس مرتبہ تباہی توقع کے مطابق ہے اور امید ہے کہ اب بلڈنگ کو گرانا پڑے گا۔ رات گئے تک آگ کے شعلوں پر قابو نہیں پایا جا سکا تھا۔
ماخذ تبصرے ہوئے: 2 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
کراچی ایک بار پھر نمبر ایک پر
Posted by Shariq Mustaquim on Mon 20-Aug-2007 11:49 PM (+0500 GMT)
کراچی ہر معاملے میں باقی ماندہ ملک سے کہیں زیادہ آگے ہے جس پر ہمیں فخر بھی ہے اور اب تازہ سروے سے علم میں آ رہا ہے کہ ساحلی شہر سیل فون چوریوں کے حوالے سے تمام ملک سے بازی لے گیا ہے۔ پچھلے ستمبر سے موبائل چوری روک تھام نظام (IMEI) کے بعد سے رپورٹ ہونے والے کیسز میں کراچی 51،000 فون چوریوں کے ساتھ نمبر ایک رہا۔ حریف لاہور صرف 6،788 فون چوری کر سکا جب کہ راول پنڈی 4،243 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ کراچی ہمیشہ سے ایک پُر کشش شہر رہا ہے جس کے باعث غلط قسم کے لوگ بھی اس کا رخ کر بیٹھتے ہیں اور یوں یہاں نامناسب کاروائیوں کا آغاز ہوجاتا ہے۔
ماخذ تبصرے ہوئے: 3 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
صدر میدان میں اتر پڑے
Posted by Shariq Mustaquim on Thu 16-Aug-2007 11:28 PM (+0500 GMT)
پاکستان کے خود ساختہ صدر اور جنرل نوریز شیروف نے کہا ہے کہ وہ 15 اکتوبر 2007ء سے پہلے ہر حال میں صدر کے عہدے پر منتخب ہوجائیں گے بھلے سے ممبران پارلیمنٹ کی کچھ بھی مرضی ہو۔ وہ یہ باتیں اپنے کاغذاتِ نامزدگی برائے صدارتی امیدوار جمع کراتے ہوئے کر رہے تھے۔الیکشن کمیشن کے ڈیوٹی افسر نے کانپتے ہوئے ہاتھوں کے ساتھ ان سے کاغذات حاصل کیے۔ اس موقع پر صدر کے دائیں طرف آئی ایس آئی چیف، بائیں طرف ایم آئی چیف اور پچھلی جانب سی آئی اے پاکستان کے برانچ مینیجر موجود تھے۔ صدر نے سرد لہجے میں کہا کہ بہتر ہے میرے سامنے کوئی مخالف صدارتی امیدوار نہ آئے کیونکہ ایسا شخص صدر نہیں، ملک بدر ہوگا۔ اس سوال کے جواب میں کہ رفیق تارڑ صاحب آج بھی خود کو صدرِ پاکستان کہتے ہیں صدر نے زہریلی ہنسی کے ساتھ کہا کہ کیوں بزرگوار کی خوشیاں چھینتے ہو!
ماخذ تبصرے ہوئے: 16 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
انٹرویو نتائج پر محترمہ کی بے قراری
Posted by Shariq Mustaquim on Thu 16-Aug-2007 11:28 PM (+0500 GMT)
مملکت کی اہم ترین محترمہ نے صدر جنرل نوریز شیروف سے التجا کی ہے اور ان پر زور دیا ہے کہ وہ پچھلے دنوں ہونے والے وزیر اعظم انٹرویوز کے نتائج کا اعلان جلد از جلد کریں۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ سے صدر نئے وزیر اعظم کے لیے مصاحبے (انٹرویوز) کرتے پھر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں کچھ روز قبل ابوظہبی میں محترمہ سے ملاقات کی تھی۔ وہ جدّہ بھی گئے تھے مگر وہاں موجود ایک اور وزارتی امیدوار نے اچانک ان سے ملنے سے انکار کر دیا تھا۔ محترمہ کے قریبی مشیروں کے مطابق وہ اپنی کامیابی کے بارے میں بہت زیادہ پُر امید ہیں کیونکہ ایک تو ان کی انگلش دوسرے امیدواروں کی نسبت اچھی ہے، تنخواہ بھی مناسب مانگ رہی ہیں، صدر سے خیالات میں بھی انتہائی قریب ہیں اور سب سے بڑھ کر ان کے پاس دوسرے امیدواروں کی بہ نسبت تگڑی سفارش بھی موجود ہے۔
ماخذ تبصرے ہوئے: 2 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
حامد کے لیے امریکی صدر کے توصیفی کلمات
Posted by Shariq Mustaquim on Thu 16-Aug-2007 11:29 PM (+0500 GMT)
امریکی صدر جارح برش نے پلے سے مہنگی کال کر کے افغانستان کے صدر حامد قرضئی کو مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے تہنیتی کلمات کابل میں منعقدہ قبائلی جرگے کے سلسلے میں پیش کیے۔ انہوں نے افغانی صدر کی اس کاوش کو کامیاب قرار دیا اور اسے بہت سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بچپن میں اپنے والد سے سنا تھا کہ پٹھانوں نے آج تک صرف اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ کبھی کسی بات پر اتفاق نہیں کریں گے اس لیے اتنے سارے افغانوں اور پٹھانوں کو ایک کمرے میں لا بٹھانا اور اس دوران میں کسی ناخوشگوار واقعے کا نہ ہونا ایک معجزے سے کم نہیں۔
ماخذ تبصرہ کیجیے -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
بیکہم نے پہلا گول داغ دیا
Posted by Shariq Mustaquim on Thu 16-Aug-2007 11:28 PM (+0500 GMT)
ڈالروں کی جھنکار میں ملک و قوم کو لات مار کر امریکہ بھاگ جانے والے انگلستان کے نمبر ایک فٹ باؤلر ڈیوڈ بیکہم نے نئی امریکی ساکر ٹیم "ایل اے گلیکسی" کی جانب سے پہلا گول داغ دیا ہے۔ بیکہم نے گول میچ کے 27ویں منٹ میں زمین پر مردہ پڑی گیند کو زوردار لات مار کے (فری کک پر) کیا۔ مخالف گول کیپر گیند کی تباہ کاریوں سے متاثر ہوگئے اور ایک جانب الٹ گئے۔ اس سے قبل بیکہم اپنی روایتی ناپسندیدہ حرکتوں کے باعث 18ویں منٹ میں پیلا کارڈ بھی دیکھ چکے تھے۔ یاد رہے کہ گلیکسی سے معاہدے کے بعد سے بیکہم بستر پر پڑے ہوئے تھے اور ابتدائی مقابلوں سے غیر حاضر رہے حالاں کہ جن دنوں گلیکسی حکام معاملے کی بات کرنے آتے تھے ان دنوں بیکہم دوڑ دوڑ کر ان کا استقبال کیا کرتے تھے اور بیگم سے سپائسی کھانے بنوا کر ان لوگوں کو ٹھُنساتے تھے۔
ماخذ تبصرہ کیجیے -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
کوریائی مغویوں کا تنازعہ ختم ہونے کا امکان
Posted by Shariq Mustaquim on Thu 16-Aug-2007 11:29 PM (+0500 GMT)
افغانستان کے شہر غزنی میں طالبان اور کورین وفد کے مابین 19مغویوں کی رہائی کے لیے آج دوبارہ بات چیت شروع کی جائے گی جس میں حتمی فیصلہ ہو نے کی توقع ہے۔ یہ بات طالبان کے ترجمان قاری یوسف نے کہی۔ وہ طالبان کی جانب سے ترجمان کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ قاری صاحب نے بتایا کہ اس جتھے کو روٹی کھلا کھلا کر اکتا چکے ہیں اور وہ راشن جس سے ہم چھ آٹھ ماہ گزار دیتے تھے، اب ہفتوں میں ختم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ افغان حکومت، امریکی، پاکستانی اور کوریائی کوئی بھی معاملات کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔
ماخذ تبصرہ کیجیے -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
مشرف اداکاری کریں گے
Posted by Ahmed (guest) on Wed 15-Aug-2007 03:21 PM (+0500 GMT)
نجی ٹی وی کی بڑھتی ہوئی تعداد اور معیاری اداکاروں کی کمی کو پورا کرنے کے لئے صدر مشرف اب ہر ہفتہ اپنا شو لیکر عوام کے سامنے آئیں گے۔ مشرف اس شو میں اپنی حکومت کے تازہ لطیفے سنائیں گے۔ اپنے پہلے ہی پروگرام میں انہوں نے ناظرین کو پیٹ کے بل لوٹنے پر مجبور کردیا۔ مشرف اس شو میں ناظرین کی فرمائش پر فی البدیہ لطیفے بھی سنائیں گے آپ بھی اپنی فرمائش ای میل اور فون کے ذریعے نوٹ کرا سکتے ہیں۔
ماخذ تبصرے ہوئے: 2 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
قومی فضائی میزبان بھی بہک گئیں
Posted by Shariq Mustaquim on Wed 15-Aug-2007 11:08 PM (+0500 GMT), submitted by محمد عاطف
قومی ایئر لائن کی ایک ایئر ہوسٹس کے پاس سے 30 بور کا پستول برآمد ہوا ہے۔ خاتون کے پاس راؤنڈ بھی وافر مقدار میں موجود تھے۔ ویسے تو ہماری ساری ہی فضائی میزبان ہر وقت مجازی ہتھیاروں سے لیس رہتی ہیں تاہم حقیقی ہتھیار کی اس طرح سے بٹوے میں موجودگی حیران کن ہے۔ وہ خطرناک ارادوں کے ہمراہ کوئٹہ سے کراچی جا رہی تھیں۔ ان کے پاس اسلحے کا اجازت نامہ بھی نہیں تھا۔ انہیں غصہ کس پر آیا تھا یہ معلوم نہ ہوسکا۔ ان کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ماخذ تبصرے ہوئے: 2 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
شہر کے حوالے سے ٹاپ آفیشلز کی غلط ترجیحات
Posted by Shariq Mustaquim on Sun 12-Aug-2007 11:18 PM (+0500 GMT)
ایک ایسے وقت میں جب کہ کراچی کے بعض علاقے 60 گھنٹے سے بجلی سے محروم ہیں اور شہر کے طول و عرض میں بجلی کی آنکھ مچولی باسیان کی زندگی کا جزو لاینفک بن چکا ہے، وزیر اعظم بہت عزیز نے کہا ہے کہ شہر میں مزید ہوٹل ناگزیر ہیں۔ حالاں کہ اس وقت شہرکو ایک ڈھنگ کے نالے اور بجلی کے بہتر  نظام کی اشد ضرورت ہے تاہم ٹاپ آفیشلز جو ہر وقت ملک کا سافٹ امیج دکھانے کے لیے شہروں پر رنگ و روغن کی تھپی چڑھاتے رہتے ہیں، نے ایک مرتبہ پھر اس اہم ضرورت سے صرفِ نظر کیا ہے۔ محترم وزیر کو سوچنا چاہیے کہ ہوٹلوں میں کھانا کھانا، تصویر کا صرف ایک رخ ہے اور بات یہیں پر ختم نہیں ہو جاتی اور اسی لیے شہر کو نکاسی نالوں کے میگا پراجیکٹ کی بھی شدید ضرورت ہے۔
ماخذ تبصرے ہوئے: 10 -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
کراچی ٹریفک اور عوامی مشکلات
Posted by Shariq Mustaquim on Sun 12-Aug-2007 11:19 PM (+0500 GMT)
کراچی کے خوفناک ٹریفک جاموں میں لوگ مرتے تو تھے ہی، اب پہلی مرتبہ ایک بچی کی پیدائش اس ٹریفک نظام کے نتیجے میں عمل میں آ گئی ہے۔ بچی کی جائے پیدائش ایدھی ایمبولینس تھی جس میں وہ ریجنٹ پلازہ کے قریب نومولود ہوگئی۔ یاد رہے کہ معروف جناح اسپتال، ہوٹل ریجنٹ پلازہ سے چند قدموں کے فاصلے پر ہے لیکن ٹریفک کے اژدہام نے گاڑی کو چند گز دور جانے نہ دیا۔ واقعے نے ایدھی ڈرائیور کو سخت اپ سیٹ کر دیا ہے۔
ماخذ تبصرہ کیجیے -پرنٹ کرئیے-مستقل ربط
 
بڑے بین چپ کرا دیے گئے
Posted by Shariq Mustaquim on Sun 12-Aug-2007 11:19 PM (+0500 GMT)
مسلمان بچوں کے کان میں پہلی آواز اذان کی دی جاتی ہے جب کہ انگلش بچوں کے کان میں پہلی آواز بگ بین کی جاتی ہے مگر اب اس تاریخی گھنٹہ گھر کو دو روز قبل مرمت و مینٹننس کے لیے بند کر دیا گیا۔ لندن کے رہائشیوں نے اس پر سکون کا سانس لیا ہے۔ گھنٹہ گھر قریباً 1859ء سے مسلسل شہریوں کو بور کر رہا ہے۔ اس کو 11 اگست صبح آٹھ بجے کی گھنٹی کے بعد بند کر دیا گیا، بعد اذاں گھڑی کے دونوں ہاتھ 12 کی سمت میں کر دیے گئے جس پر کچھ سِکھ  حضرات ہتھے سے اکھڑ گئے۔ مرمت کے کام میں 4 سے 6 ہفتے لگ سکتے ہیں۔
ماخذ تبصرے ہوئے: 1